سیالکوٹ،11فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے شہریوں خصوصاً اہل ثروت اور مخیر افراد سے برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور شام میں شدید ترین زلزلہ کے متاثرین کے لئے فراخدلانہ عطیات دینے کی اپیل کی ہے ۔
ہفتہ کو جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے عوام تاریخ کے بد ترین زلزلہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے باعث مصیبت کی گھڑی میں ہیں جن کی ہر ممکن امداد وقت کی ضرورت اور ہم سب کا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے دکھی اور غمزدہ عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے زلزلہ زدگان ترکیہ و شام نیشنل بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ نمبر 12166۔G میں دل کھول کر امدادی رقوم جمع کرائیں ، نیز شہری متاثرین کی امداد کے لیے زلزلہ زدگان کے لئے گرم کمبل، فوڈ ہیمپرز اور ادویات بھی عطیہ کر سکتے ہیں۔