کوہلو، 28 فروری (اے پی پی):شہید لیویز سپاہی محمد اسلم مری کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں شہید جہانگیر آباد میں سپردخاک کردیا،نماز جنازہ میں سول و عسکری حکام اور قبائلی عمائدین سمیت لیویز فورس کے جوانوں اور ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
گزشتہ روز جنت علی میں لیویز پر دہشتگرد حملے میں 1اہلکار جاں بحق جبکہ 5زخمی ہوئے تھے زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔شہید لیویز اہلکارمحمد اسلم کے جسد خاکی کو ان کے آبائی گاؤں شہید جہانگیر آباد میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔نماز جنازہ میں کمانڈنٹ میوند رائفل کرنل عاطف ضیاء عباسی،لیفٹیننٹ کرنل عمران،اسسٹنٹ کمشنر کوہلو عبدالستار مینگل،اسسٹنٹ کمشنر ماوند سلطان ناصر،انچارج کیو آر ایف سبی زون شیر محمد مری،تحصیلدار ماوند/کاہان وڈیرہ شاہنواز،میر نثار احمد مری،وڈیرہ بیورغ مری،عمر فاروق زرکون،میر غازی خان سمیت علاقائی عمائدین،لیویز کے افسران ،جوانوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سبز ہلالی پرچم میں لپٹے شہید کو لیویز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا،اس موقع پر شہید سپاہی محمد اسلم کے بھائی مصطفی مری نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارا بھائی وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوا،شہید محمد اسلم نے شہادت دے کر اس مٹی کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے شمع روشن کی ۔ اس موقع پر شہید اہلکار کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔