صوبے میں پرامن، صاف وشفاف اور منصفانہ نتخابات کے مشن سے نگراں حکومت میں شامل ہوئے ہیں؛حاجی امنظور خان آفریدی

9

پشاور، 13فروری(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر محنت، ایکسائز اور انسداد منشیات حاجی منظور خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ صوبے میں پرامن، صاف وشفاف اور منصفانہ انتخابات کے ساتھ ساتھ اس مقصد کیلئے سازگار ماحول قائم کرنے کے مشن سے نگراں حکومت میں شامل ہوئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کے علاؤہ قبائل کا اعتماد ان کیلئے باعث فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار نگراں وزیر محنت نے لاہور میں منعقدہ ایک قبائلی جرگہ سے خطاب کے دوران کیا، نگران وزیر ایک روزہ مختصر دورہ پر لاہور پہنچے تو وہاں مقیم قبائلی زعماء اور تاجر و صنعتکار برادری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انکا کہنا تھا کہ نگراں کابینہ میں فخر قبائل کو نمائندگی ملنے پر وہ بہت مطمئن اور خوش ہیں اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ اور گورنر کے مشکور ہیں۔

 بعد ازاں حاجی منظور آفریدی نے رائے ونڈ میں اپنے حجرہ پر قبائلی زعماء اور خاندانی مشران کی ضیافت کی جو رائے ونڈ اجتماعات کے موقع پر انتہائی ضعیف تبلیغی بزرگان کی خدمت کیلئے وقف ہے۔

ضیافت کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے حاجی منظور آفریدی نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و انسداد منشیات کے وزیر کی حیثیت سے انہوں نے معاشرے سے منشیات بالخصوص آئس کا ناسور ختم کرنا اپنا نصب العین بنا دیا ہے اسلئے قبائل بھی اس مشن میں اس کا ساتھ دیں کیونکہ یہی اصل جہاد بھی ہے، جس پر قبائلی زعماء نے ہاتھ بلند کرکے ان کا ساتھ دینے کا عزم دہرایا۔