اٹک، 14فروری (اے پی پی): ضلعی امن کمیٹی اٹک ضلع میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اٹک راٶ عاطف رضا نے ضلعی امن کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ وقار اکبر چیمہ،اراکین امن کمیٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی سی اٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک ہمیشہ سے امن کا گہوارہ ہے اور اس نظام کو قائم کرنے میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی امن کمیٹی ایسا ہی فعال کردار ادا کرے گی۔
ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان نے بھی ضلعی امن کمیٹی کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے ضلع میں موجود مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کی تجاویز پیش کیں۔ڈی سی اٹک اور ڈی پی او اٹک نے ان مسائل کو حل کرنے کی ہرممکن یقین دہانی کروائی اور آخر میں ملک پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔