بہاولنگر،07 فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت کی کہ ضلع سے کسی صورت آٹا، گندم اور کھاد کی غیر قانونی نقل و حمل نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر دکانوں پر اشیاء خوردونوش کے نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں ہونے چاہیےاور عدم تعمیل اور مذکورہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر میں آٹے اور کھاد کی مقررہ نرخوں پر فروخت و دستیابی کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سلمان خان لودھی نے ڈی سی سلمان خان لودھی نے کہا کہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور اشیاء کی غیر قانونی سمگلنگ پر حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے جس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کو اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں آٹے 209 سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جن میں سے بہاول نگر69،چشتیاں 51،ہارون آباد28،فورٹ عباس 25،منچن آباد36ہیں اور آٹا دس کلو تھیلہ 648 روپے میں دستیاب اور ضلع بھر 26880آٹا بیگز سپلائی کیے جارہے ہیں۔ یوریا کھاد کے جائزے سے متعلق بتایا گیا کہ گزشتہ روز 28055 یوریا کھاد کے دستیاب سٹاک میں سے 14115 فروخت کروائے گئے ہیں اور 13940 موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پرموصولہ یوریا بیگز کی فروخت اور مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اپنے علاقوں میں تمام آٹا سیل پوائنٹس اور پرائس چیکنگ اور کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے روزانہ دورے کرتے ہیں ابتک 4363 معائنہ جات کیے ہیں اور 9 مقدمات کا اندراج اور ایک لاکھ چھے ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یوریا کھاد کے 3800بیگز کو ضبط کرکے مقررہ نرخوں پر فروخت کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمدیوسف چھینہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ احمد سلیم چشتی ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عابد کمال چشتی ، ڈی ڈی ایگری کلچر چوہدری لطیف اللہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔