لاہور،18فروری(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ اورتوشہ خانہ کیسز سے بچنے کیلئے گھر میں چھپے بیٹھے ہیں،حالیہ آڈیو لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کویہاں ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ ہم عدالتی فیصلوں کے سامنے سر جھکا لیتے ہیں جبکہ عمران خان گھر میں بیٹھ کر ضمانتیں لینے کی کوشش کررہے ہیں،فارن فنڈنگ اورتوشہ خانہ کیسز سے بچنے کیلئے گھر میں چھپے بیٹھے ہیں،عمران خان کی سوچ یہ ہے کہ عدالتی فیصلوں کو تاخیر کا شکار کیاجائے۔انہوں نے مزید کہا کہ غلام محمد ڈوگر پر بطور ڈی آ ئی جی آ پریشنز لاہور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے ، پرویز الہی کی حالیہ پنجاب حکومت میں مونس الہی نے متعدد زمینوں پر قبضے کئے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ وائرل ہونے والی آ ڈیوز کی تحقیقات کیوں نہیں ہو رہی، عدالت عالیہ کو ملک کا بطور آ ئینی ادارہ ہونے کے ناطے ان آڈیوز کی شفاف تحقیقات کرنی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کے پرنسپل سیکرٹری خان محمد بھٹی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہو ئے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے غبن کئے ،عدالت عالیہ کو اس معاملے کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی والے ملکی معیشت کی بربادی کے ذمہ دار ہیں ۔