عوامی مسائل کم کرنے کیلئے ہر پندرہ دن بعد ہر تحصیل میں جاکر کھلی کچہری کا انعقاد کروں گا، ڈپٹی کمشنر کا پریس کانفرنس میں اعلان

28

اٹک(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر اٹک راؤعاطف رضا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبودکیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع اٹک میں 26پرائس مجسٹریٹس کام کر رہے ہیں جنہوں نے ماہ فروری میں 16ہزار معائنے کیے اور تقریباً 16 لاکھ روپے کے جرمانہ عائد اور 198 افراد گرفتار کئے۔ پولٹری کی قیمتوں میں استحکام کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی جاری ہے اور جن افراد نے سادہ لوگوں کو لوٹا ہے ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،ٹی ایچ کیو ہسپتال حضرو کے مسائل ختم کرکے ریفرل سسٹم کو کم سے کم کیا جائے گاجبکہ ٹی ایم اے حضرو میں چیف آفیسر کی آسامی جلد پر کی جائے گی، عوامی مسائل کم کرنے کیلئے ہر پندرہ دن بعد ہر تحصیل میں جاکر کھلی کچہری کا انعقاد کروں گا تاکہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کئے جا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد نیاز کھوکھر، ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب شیخ فیصل جاوید، معروف صحافی شیخ جاوید اقبال، غلام شبیر، ڈاکٹر زوہیب رسول ، احسان قریشی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزیدکہا کہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں اس وقت 11403 تدریسی عملے کی آسامیاں موجود ہیں جن میں سے2866 آسامیاں خالی ہیں جن پر الیکشن کے بعد بھرتیاں شروع کی جائیں گی، انہوں نے بتایا کہ اس سال شجرکاری مہم کے سلسلے میں 13لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جس کے ذریعے شدید ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کیا جائے گا، میڈیا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اس میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔  ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی کی خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔تجاوزات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ بندی مرتب کی جا رہی ہے اور اس پر جلد عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے بھی جامع منصوبہ بندی پر کام جاری ہے جس میں تمام متعلقہ افسران اپنا کردار ادا کریں گے اور بہت جلد ضلع بھر میں ٹریفک کے مسئلے کو حل کیا جائے گا۔محکمہ صحت اٹک سے متعلقہ مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ اسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔نئے بلاکس بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع بھر میں تمام ٹی ایچ کیوز ہسپتال اور مراکز صحت کا دورہ کر رہے ہیں اور وہاں پرموجودسہولیات کے فقدان کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جا رہا ہے، تحصیل حضرو میں ہسپتال سمیت تمام مسائل حل کریں گے،انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ اسپتال کے حالیہ دورے میں فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا چیک انجمن بہبودی مریضاں کے حوالے کیا تاکہ غریب اور نادار مریضوں کی مالی کفالت کی جا سکے۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ اٹک میں بہت جلد اسٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال بھی5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا ہے جہاں پر ماں اور بچے کیلئے تمام طبی سہولیات موجود ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ مال سے متعلق بھی تمام معاملات و مسائل کو بغور دیکھ رہے ہیں اور اب ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر ہو سکے۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت کی ہے عدالتوں میں ریونیو کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ریونیو معاملات میں بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ضلع اٹک کو پہلی پوزیشن کا حقدار قرار دیا ہے۔ڈپٹی کمشنراٹک راؤ عاطف رضانے کہاکہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی انقلاب کے لیے بھی کوشاں ہے اس ضمن میں تین میلا کے قریب ڈسٹرکٹ پبلک سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جہاں پر عام آدمی کے لیے کم فیس میں اعلی تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے گا ایسے سکول پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی قائم ہیں جہاں پر ہزاروں افراد ان سے استفادہ کر رہے ہیں۔پنجاب کے ثقافتی دن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14 مارچ کو پنجاب کا ثقافتی دن منایا جائے گا جس میں ہمارے صوبے کی ثقافت بھرپور انداز میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا کے تمام معزز ارکان سے اپیل کی کہ وہ اس دن کی تقریبات میں خصوصی شرکت کریں۔رمضان بازاروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ اس سال بھی ضلع بھر میں چھے رمضان بازار لگائے جائیں گے جہاں سے عوام رمضان المبارک کی خریداری کر سکتے ہیں۔سستے آٹے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راؤ عاطف رضا نے کہا کہ ضلع بھر میں سستے آٹے کی فراہمی جاری ہے اس سلسلے میں ضلع بھر میں 20 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں اور آٹے کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پندرہ چیک پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں۔میڈیا کی جانب سے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے ہے ڈی سی اٹک نے کہا کہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایکسرے کی فلمز کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ضلع بھر میں موجود فلٹریشن پلانٹ کو بھی جلد فعال کیا جائے گا تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہو سکے۔رمضان المبارک میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔بلدیہ حضرو میں چیف آفیسر کی خالی سیٹ پر تعیناتی کے لیے لوکل گورنمنٹ کو خط لکھا جائے گا اور گوندل روڈ پر موجود نالے کی صفائی عمل میں لائی جائے گی۔گورنمنٹ اسفندیاربخاری ڈسٹرکٹ اسپتال میں پچاس روپے پرچی کے حوالے سے بھی مسئلہ حل کرلیاجائیگا۔ڈی پی ڈی سی کے اجلاس اور انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک ڈی ڈی ایچ او کے خلاف شکایت پر اقدامات کیے جا?یں گے۔آٹے کے ناقص معیار پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور آٹے کی تقسیم کے لیے خواتین کے علیحدہ پوانٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ غیرقانونی رکشہ ڈرا?یوروں کے خلاف بھی جلد کاروائی کی جائیگی۔آخر میں ڈی سی اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا کہ ضلع اٹک کی فلاح عوامی شرکت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔