عوام کو بنیادی اشیاء ضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے؛وزیراعظم  شہباز شریف

14

اسلام آباد،13فروری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  کہا ہے کہ عوام کو بنیادی اشیا ءضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے،ملک میں گندم سمیت دیگر بنیادی اشیا ءخور و نوش کی کوئی قلت نہیں  ،بنیادی اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے ۔

 ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے اپنی  زیر صدارت بنیادی اشیاءخورونوش کی دستیابی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بنیادی اشیا ءضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے، بنیادی اشیا خور و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔

وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیاءضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے  کہا کہ ملک میں گندم سمیت دیگر بنیادی اشیاءخور و نوش کی کسی بھی قسم کی کمی نہیں ۔

وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کو اشیاء ضروریہ کی سپلائی چین برقرار رکھنے کے حوالے سے روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بنیادی  ضرورت کی اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے ۔وزیراعظم نے سپلائی چین کو مؤثر بنانے اور قیمتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی سستے داموں فراہمی اور سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے تمام صوبے اور انتظامی یونٹس اگلے جائزہ اجلاس میں ٹھوس حکمت عملی پیش کریں ، رمضان بازاروں میں قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے جبکہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات ہونے چاہئیں ۔

 وزیراعظم نے  پورے ملک میں  بنیادی اشیا خور و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے احکامات دیئے  کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ  اشیا  ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی تاکید کی۔

وزیراعظم نے  اشیا خور و نوش کی سپلائی چین کو مؤثر بنانے اور قیمتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی جن کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوجائے گا۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایت جاری کی کہ ایسی اشیاء جن کا استعمال  رمضان کے دوران بڑھ جاتا ہے ان کی  آسان اور سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 وزیراعظم نے بنیادی ضرورت کی  اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے تاکید کی کہ رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی سستے داموں فراہمی اور سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے صوبے اور انتظامی یونٹس اگلے جائزہ اجلاس میں ٹھوس حکمت عملی پیش کریں۔ وزیراعظم نے بڑی آبادی والے شہروں میں رمضان بازاروں کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں اشیا خور و نوش کی کوئی کمی نہیں اور عوام تک گندم ، دالوں ،خورنی تیل سمیت دیگر اشیاء کی ترسیل کے لئے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاق کی جانب سے صوبوں کو ان کی  ضرورت کے مطابق گندم مہیا کی جا رہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اشیاء کی مصنوعی قلّت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صارفین کو بنیادی اشیاءخور و نوش کی سستے داموں ترسیل کے حوالے سے کچھ صوبوں میں موبائل فون ایپلی کیشنز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد ،کشمیر کے چیف سیکرٹریز،اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔