تھرپارکر،02 فروری (اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر سارہ جاوید نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے مادری زبان میں صحت سے متعلق آگاہی لٹریچر بنایا جائے اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے جس سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے خواتین اپنے اور اپنے بچوں کی صحت کو بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے ڈسٹرکٹ آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں اپنے فالو اپ ریکارڈ اور کمیونیکیشن سسٹم کو بہتر بنائیں اور زیادہ سے زیادہ آگاہی کے پروگرام منعقد کرائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ اس ضمن میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کلیدی کردار ہے تعلقہ سطح پر انکے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور خواتین کو بچوں میں مناسب وقفہ رکھنے کے فوائد سے آگاہی دیں ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر سارہ جاوید نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت دی کہ ہائی اسکولز اور کالجز کی بچیوں کو بھی خواتین کی صحت سے متعلق ہر چھ ماہ بعد آگاہی سیمینار منعقد کرائیں جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع تھرپارکر میں خواتین کی صحت پر کام کرنا ناگزیر ہے کیونکہ جب تک ماں صحتمند نہیں ہوگی تو بچے بھی صحتمند نہیں ہوسکتے اس کہ لیے ضروری ہے کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اپنے آگاہی کے منصوبوں کو بہتر سے بہتر بنائے۔