لاہور،25فروری(اے پی پی):محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے تمام جیلوں میں قیدیوں کی سکریننگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکن فارما کمپنی جلیڈاور فیروز سنز کے وفد نے سیکرٹری صحت علی جان خان سے ہفتہ کو ملاقات کی۔ملاقات میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ جیلوں کے قیدیوں کے صحت کے مسائل زیر بحث آئے۔
سیکرٹری علی جان خان نے کہا کہ محکمہ صحت نے 12سے 20 مارچ تک تمام جیلوں میں انٹیگریٹڈ سکریننگ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے،کیمپوں میں 43 جیلوں کے 50ہزار قیدیوں کی ہیپاٹائیٹس بی، سی، ایڈز، ٹی بی، شوگر، موٹاپا اور سانس کی بیماری کی سکریننگ کی جائے گی اور ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔علی جان خان کا کہنا تھا کہ 2030 تک صوبہ بھر سے ہیپاٹائیٹس اور ایڈز ختم کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جو حاصل کرلیا جائے گا۔
اس موقع پر امریکن فارما کمپنی اور فیروز سنز نے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں نان کمیونیکیبل پروگرام میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔علی جان خان نے صحت کے مسائل کے حل میں تعاون کرنے پر دونوں فارما کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔
امریکن کمپنی کے وفد کی قیادت کارل جونسن جبکہ فیروز سنز وفد کی قیادت عثمان خالد نے کی۔