ملتان؛ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا منشیات فروش مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ

20

ملتان، 27 فروری (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا منشیات فروش مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر اور سی پی او منصورالحق رانا کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا اور اجلاس میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا محکمہ صحت روزانہ کی بنیاد پر نشے کے افراد کا ڈیٹا فراہم کرے گا ، نشتر ہسپتال اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں بحالی منشیات سنٹرز کو مکمل فعال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہنشے کے عادی بچوں،خواتین اور افراد کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جارہا ہے۔

 عمر جہانگیر نے کہا کہ پرائیویٹ اداروں اور این جی اوز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا  کہ سوشل ویلفیئر بحالی سنٹر 4 ہزار سے زائد نشے کے عادی افراد کا علاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ جیلوں میں بھی خصوصی انسداد منشیات وارڈ مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے  کہا کہ  تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار کرائے جائیں۔

 سی پی او منصورالحق رانا نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی پر خصوصی فوکس ہے،مریضوں کو بحالی کے عمل کے دوران سخت سیکورٹی میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا معاشرے سے منشیات  کا خاتمہ اور حوصلہ شکنی اجتماعی زمہ داری ہے۔