ملتان،14فروری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پی سی ایل کے سلسلے میں انتظامات و سکیورٹی مزید فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں شائقین کرکٹ کیلئے شٹل سروس بسوں کی تعداد دگنی کردی گئی ہے جبکہ رش کے پیش نظر ٹکٹ سکریننگ اور چیکنگ سسٹم مزید سخت کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں پی سی ایل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی پی او منصور الحق رانا بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ پی سی ایل کے حوالے سے سٹیڈیم میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جبکہ پی سی ایل کے انتظامات میں مزید بہتری کیلئے تمام محکمے ایک پیچ پر ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کی ریکارڈ تعداد نے پی سی ایل کی افتتاحی تقریب کو یادگار بنایا ہے، اس لئے اگلے میچز میں شدید رش کے باعث سٹیڈیم کے تمام گیٹس پر اضافی نفری اور ٹکٹ عملہ تعینات کیا جائے گا۔
عمر جہانگیر نے بتایا کہ ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران متبادل روٹس کو شہریوں کیلئے کھلا رکھا جائے گا۔ضلعی ادارے شہریوں کو پارکنگ،روٹس اور سٹیڈیم انٹری کے حوالے سے مکمل آگاہی دیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او منصور الحق رانا نے کہا کہ جعلی ٹکٹوں پر سٹیڈیم کا رخ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے،سٹیڈیم انٹری پر ٹکٹوں اور شناخت کا نظام مزید بہتر کرینگے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی تکالیف کا احساس ہے تاہم اس ایونٹ سے دنیا بھر میں ملکی وقار میں اضافہ ہورہا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔