پشاور 10 فروری(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات نے پولیس لائنز پشاور کے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔
چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور اور دوسرے اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے آئی جی پی کو دھماکے کی نوعیت اور ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریف کیا۔ آئی جی پی نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔پولیس سربراہ اختر حیات نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جس دلیری اور شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ اسکی مثال پوری تاریخ میں نہیں ملتی۔اور پوری دنیا خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کی معترف ہے۔اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں تبدیل ہونے والے آئی جی پی معظم جاہ انصاری اور نئے تعینات ہونے والے آئی جی پی اختر حیات نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں فورس کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ملکر نماز جمعہ ادا کی اور سانحہ پشاور کے شہداءکے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اجتماعی دعائیں بھی مانگی گئیں۔