لاہور،2فروری(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی کے ایل آئی کو اس کے بنیادی مقاصد کے مطابق بحال کیاجائے گا۔مفت او رمعیاری علاج گردے اورجگر کے ہر نادار مریض کا حق ہے۔ پی کے ایل آئی میں کڈنی اورلیور کے امراض کا معیاری علاج میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں پی کے ایل آئی اپنی نوعیت کا واحد منفرد ہسپتال ہے۔ اجلاس کے دوران نگران وزیراعلیٰ کو پی کے ایل آئی کی کارکردگی اور امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
معروف صنعتکار گوہر اعجاز،صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ، ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹر فیصل ڈار اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔