لاہور،2فروری(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پیشنٹ آڈٹ کیلئے ہدایات جاری کردیں، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پیشنٹ آڈٹ ہوگا،پیشنٹ آڈ ٹ کے ذریعے مریضوں کی صحت کی جانچ پڑتال اورصحت مند مریضوں کی گھروں میں واپسی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
نگران وزیراعلی نے ہدایت کی کہ پیشنٹ آڈٹ کا کام جتنی جلدی ہوسکے مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے، صحت یاب مریضوں کی گھر وں میں واپسی ایک سماجی ذمہ داری اور انہیں دیگر مریضوں کے ساتھ رکھنا کسی طور مناسب نہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اسی مقصد کے پیش نظر پیشنٹ آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیاہے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے حالیہ وزٹ کے دوران صحت یاب مریضوں نے گھربھجوانے کی درخواست کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے بورڈ کو بھی ازسرنو تشکیل دیا جائے گا اورادارے کے معاملات کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے امور اور صحت یاب مریضوں کو گھروں میں بھجوانے کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیاگیا۔
اس موقع پرنگران وزیراعلی کو بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ہسپتال میں تقریبا ایک ہزار مریض داخل ہیں ۔بعض مریض کئی کئی سال سے صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن گھر والے انہیں لے کر نہیں جاتے۔او پی ڈی او رنائٹ شفٹ میں ڈاکٹرز کی تعداد بہت کم ہے۔
معروف صنعتکار گوہر اعجاز، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،ڈاکٹر سعد ملک،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر،سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔