وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یو ای اے سفارتخانے کے زیراہتمام پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کےمتعلق  آگاہی کے لئے  ایکوتھون ریس

17

اسلام آباد،25فروری  (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اورمتحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے زیراہتمام پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کےمتعلق  آگاہی کے لئے ہفتہ کو ایکوتھون ریس کا اہتمام کیا گیا۔ایکوتھون کے شرکا   نے  10 کلومیٹر کافاصلہ طے کیا،ایکوتھون کے اختتام پر شرکا کو انعامات دئیے گئے۔ایکوتھون میں نوجوانوں، بچوں، بزرگوں اورخواتین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی شزافاطمہ اوررومینہ خورشیدعالم نے بھی ایکوتھون میں شرکت کی ۔ایکوتھون کا مقصد پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کےمتعلق  آگاہی فراہم کرنا  تھا۔ ایکوتھون ڈی چوک،پلاسٹک روڈ اور مارگلہ روڈ سے  ہوتے ہوئے  شاہراہ دستور پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس ریس کے حوالے سے معاون خصوصی  شزافاطمہ نے بتایا کہ ایکوتھون  کامقصد ماحول سےمتعلق آگاہی فراہم کرناہے،ریس کا مقصد نوجوانوں کو صحت بخش سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان صحت مندسرگرمیوں میں بھرپورشرکت کیاکریں، حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کرے،مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے،پورے پاکستان میں والی بال اورفٹ بال میں نوجوان کھلاڑیوں کومواقع دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی طرف لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،نئی ٹیکنالوجیز سے روشناس کرانے کیلے اینوویٹیو ایورڈ بھی لانچ کیا گیا ہے،محمد نواز شریف نے 2013 میں یوتھ پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کو دس سال مکمل ہونےوالے ہیں،ماضی میں نوجوانوں کو 5 لاکھ لیپ ٹاپ دیئے گئے تھے۔