پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیفاکونسل کا 9 واں اجلاس واشنگٹن میں جاری،دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جا رہا

5

اسلام آباد،23فروری  (اے پی پی):پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کونسل کا 9 واں  اجلاس اس وقت واشنگٹن میں جاری ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ٹیفا کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیر تجارت سید نوید قمر اور امریکی تجارتی نمائندہ کیتھرین تائی نے کی۔  ٹیفا دونوں ممالک کو دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک فورم فراہم کرتا ہے جس میں امریکی مارکیٹ تک پاکستانی برآمدات تک رسائی کی تلاش بھی شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں فریقین تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، فوڈ سکیورٹی اور آئی ٹی تعاون میں گزشتہ سال منعقدہ ٹیفا انٹر سیشن اجلاس کے بعد سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور باہمی طور پر فائدہ مند طریقے سے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا ٹیفا کونسل کا اجلاس اس سال امریکہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی دوطرفہ بات چیت کے سلسلے میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تعاون کے وسیع البنیاد دو طرفہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مثبت رفتار بڑھانے کے لیے دونوں فریقوں کی طرف سے منسلک اہمیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ- پاکستان ٹیفا کونسل کا آخری اجلاس 2016 میں اسلام آباد میں ہوا تھا۔