پاکستان میں بسنے والے لوگوں کے کشمیریوں کے ساتھ تاریخی اور خون کے رشتے استوار ہیں؛سر دار سلیم حیدر

28

اسلام آباد،7فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندرپارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے لوگوں کے کشمیریوں کے ساتھ تاریخی اور خون کے رشتے استوار ہیں ، حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرے گی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری ظلم وبربریت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

اوپی ایف گرلزکالج اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی بنیادیں قائداعظم محمدعلی جناح کے دو قومی نظریہ میں پائی جاتی ہیں، برصغیر میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کا قیام اس وقت تک نامکمل ہے جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا،ہم مسئلہ کشمیر کا پر امن حل کشمیریوں کی مرضی کے مطابق چاہتے ہیں۔

  سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کے باعث کشمیریوں کی مشکلات ختم نہیں ہو رہیں،آج اس پلیٹ فارم سے میں عالمی برادری سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی افواج کو مقبوضہ کشمیر میں لگام ڈالے۔انہوں نے سمندرپار پاکستانیوں اور عوام الناس کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے اوپی ایف کی کاوشوں کو سراہا۔

اس سے قبل معاون خصوصی نے بچوں کی جانب سے پیش کی گئی تصویری نمائش اور دیگر فن پارے دیکھے۔