پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل نیٹ بال چیمپئن شپ کا سیمی فائنل

26

اسلام آباد،14فروری  (اے پی پی):پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری نیشنل نیٹ بال چیمپئن شپ میں خواتین کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا اور سندھ جبکہ مینز کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی نے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ سیمی فائنل مقابلوں کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد ابرار تھے۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام ، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، نائب صدر ثمین ملک اور سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا بھی موجود تھے۔ لیاقت جمنازیم میں خواتین کے ایونٹ کے کھیلے گئےپہلے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا نے پاکستان آرمی کو 15-18 پوائنٹس سے شکست دی۔ واپڈا کی جانب سے نشا سلطان نے 10 پوائنٹس جبکہ پاکستان آرمی عائشہ نے 15 پوائنٹس بنائے۔دوسرے سیمی فائنل میچ میں سندھ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن  کو 16- 20 سے شکست دی۔ سندھ کی جانب سے قراۃ العین نے 10 پوائنٹس جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سےخدیجہ نے 14 پوائنٹس حاصل کئے۔مینز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا نے پاکستان نیوی کو 16-22 پوائنٹس سے ہرا دیا۔ پاکستان واپڈا کی جانب سے زین نے 20 پوائنٹس اور پاکستان نیوی کی جانب سے بابر نے 15 پوائنٹس حاصل کئے۔دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان آرمی نے پاکستان ایئر فورس کو 25-33 پوائنٹس سے ہرا دیا ۔  پاکستان آرمی کی جانب سے شمریز اور عمیر نے بالترتیب 22 اور 11 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ پاکستان ایئر فورس کی جانب سے اختر اور زوہیر نے بالترتیب 10 اور 15 پوائنٹس حاصل کئے۔