پشاور؛نگران وزیر شفیع اللہ خان کی پی ایچ اے حکام کو تمام ہاؤسنگ منصوبوں پر کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرنیکی تاکید

25

پشاور،14فروری(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے نگران وزیر ہاؤسنگ و جیل خانہ جات شفیع اللہ خان نے عوام کے بہتر مفاد میں شروع کئے گئے تمام ہاؤسنگ منصوبوں پر کام کو تیز کرکے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیر نے آج پرووینشل ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا اور ڈائریکٹوریٹ میں قائم سہولت سنٹر اور دوسرے سیکشنز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے نگراں وزیر کو صوبے میں پی ایچ اے کے مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں جلوزئی ہاوسنگ سکیم نوشہرہ ، جرما ہاؤسنگ سکیم کوہاٹ، سوریزئی پشاور، پی ایچ اے ریزیڈینشیا اور دیگر سکیمیں شامل تھیں۔

 بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حویلیاں ٹاؤن شپ ایبٹ آباد سکیم تقریباً مکمل اور آخری مراحل میں ہے جبکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے بارے میں بھی نگران وزیر کو بریف کیا گیا۔نگراں وزیر کو مزید بتایاگیا کہ محکمہ نے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف اقدامات اٹھائے ہیں اور بہت جلد تمام معلومات آن لائن مہیا ہونگی۔

نگراں وزیر نے بریفنگ کے بعد  متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ عوام کے بہتر مفاد میں شروع کئے گئے تمام ہاؤسنگ منصوبوں پر کام کو تیز کرکے مقررہ وقت میں مکمل کریں۔  انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائےگی۔