پٹرول اور ڈیزل کو غیر قانونی طور پر سٹاک کرنے اور فروخت نہ کرنے والے پمپس مالکان کے خلاف کارروائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے؛ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف

30

رینالہ خورد،11فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، پٹرول اور ڈیزل کو غیر قانونی طور پر سٹاک کرنے اور فروخت نہ کرنے والے پٹرول پمپس مالکان کے خلاف کارروائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ جن پٹرول پمپس پر پیمانہ پورا نہ ہوا یا سٹاک ہونے کے باوجود پٹرول نہ فروخت کیا جا رہا ہو ایسے پٹرول پمپس کو فوری طور پر سیل کیا جائے اور مقدمات بھی درج کروائے جائیں۔

اس موقع پر پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ڈپٹی کمشنر ذیشان حنیف کو یقین دلایا کہ ایسی عناصر معاشرے کا ناسور ہیں ایسے پٹرول پمپس جو پٹرول سٹاک کر رہے ہیں یا ان کا پیمانہ کم ہو یا پھر وہ پٹرول فروخت نہ کر رہے ہوں ہم ان کی نشاندہی میں ضلعی انتظامیہ کا مکمل ساتھ دیں گے اور ایسے عناصر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی۔