سیالکوٹ،24فروری(اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرسیالکوٹ انجینئر نوید اقبال نے سیالکوٹ سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کا دورہ کیا اور ریسکیوزکی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ترجمان ریسکیو1122 سیالکوٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسیرنے انسپیکشن ٹیم کے ہمراہ ضلع سیالکوٹ کے ہیڈ کوارٹر سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے اسٹیشن اور گاڑیوں کی انسپیکشن کی۔ اس موقع پر ریسکیورز نے پریڈ کا عملی نمونہ پیش کیا جس کی کمانڈکامران شبیر نے کی۔اسٹیشن انچارج محمد رضا نے ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے سٹاف کی یونیفارم، ظاہری حالت، ریکارڈ، گاڑیوں کے آلات اور سٹیشنز کی بلڈنگ اور خصوصی طور پر موٹر سائیکل ایمبولینسز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے فلڈ سٹور روم، کنٹرول روم ریکارڈ اور ایمرجنسی کالز کا بھی جائزہ لیا۔ بعدزاں ریسکیورز کی تیکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل اور فائر ایمرجنسی کی تیکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ بھی لیا۔
ریسکیورز سے خطاب کرتے ہوئے نوید اقبال نے کہا کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے پریکٹس کو اپنی ہر شفٹ کا حصہ بنائیں تاکہ بہتر طریقہ سے لوگوں کو خدمات مہیا کی جا سکیں۔ ریسکیورز اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، کسی بھی ریسکیورز کو کسی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ ضرور بتائے۔ انہوں نے ریسکیورزکی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضروری ہدایات بھی دیں۔