ڈپٹی  کمشنرسیالکوٹ کاتحصیل پسرور کا دورہ،سرکاری سکولوں،  ہسپتالوں اورگندم خریداری  مرکز کااچانک معائنہ

7

سیالکوٹ،24فروری  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محموداعوان نے  جمعہ کو  تحصیل پسرور کا  دورہ  کیا ہے جس  دوران  وہ تحصیل ہیڈ کوارٹر  ہسپتال پسرور اور بنیادی مراکزصحت  بھی گئے، دورہ کے دوران ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس سٹاف کی حاضری چیک کی اور   علاج کی غرض سے آنے والے شہریوں کو فراہم کی جانے والی   سہولیات کا جائزہ لیا اور زیرعلاج مریضوں کی عیادت  کرتے ہوئے ان سے طبی سہولیات کے معیار کی بابت استفسار کیا۔

بعد ازاں  ڈپٹی کمشنر نے قائد اعظم ایجوکیشن اکیڈیمی ہائی سکول، گورنمنٹ پرائمری سکول ننگل اور سیالکوٹ پبلک سکول کا دورہ  کیا،مختلف کلاس رومز  میں گئے اور طلبہ وطالبات سے ملے۔ڈپٹی کمشنر  عدنان محموداعوان  نے اسسٹنٹ کمشنر  کے آفس میں کھلی کچہری کا انعقادکیا اورشہریوں نے مختلف  محکموں  کے متعلق  اپنا شکایات  پیش کیں جس کے حل کیلئے  موقع پر موجود متعلقہ حکام کو موقع پر  ہدایات  جاری کیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات  کے خاتمہ اور گراں فروشوں کے خلاف منظم مہم چلانے کی ہدایتات جاری کیں۔ ڈپٹی  کمشنر نے گندم خرید اری مرکز ریلوے سٹیشن پسرور کا بھی دورہ کیا اور سٹور کی گئی گندم کے حاضر سٹاک کا جائزہ لیا اور گندم خریداری  مہم کیلئے تحصیل پسرور میں قائم کئے جانے والے مراکز پرحکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق کاشتکاروں کیلئے  دستیاب سہولیات کی بابت انتظامات  کو حتمی شکل دینے کی تاکید کی۔

 ڈپٹی  کمشنر عدنان محمود اعوان سیالکوٹ پسرور روڈ کے زیر تعمیر منصوبے کے مختلف  مرحلوں  کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر  ڈویلپمنٹ  راجہ یاسر نے بتایاکہ سیالکوٹ پسرورروڈ کی تعمیر کے منصوبے پر6ارب روپے لاگت آئے گی اور اب تک اس منصوبے پرڈیڑھ ارب روپے خرچ  ہوچکے ہیں۔