لاہور،13فروری(اے پی پی):ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی زیر صدارت ڈیجیٹل مردم شماری کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مردم شماری،اسسٹنٹ کمشنرز، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یکم مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کے انتظامات پر مکمل بریفنگ دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو سپورٹ سنٹرز پر سکیورٹی، مٹیریل کی تقسیم اور دیگر انتظامات کا ٹاسک دیا گیا۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز مردم شماری کے حوالے سے موجود سٹاک کی تصدیق کریں ،16،19اور 22 فروری کو تین مراحل میں ٹیب تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو مردم شماری کے سلسلہ میں 873 سرکلز اور 8068 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے ، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل پر بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس بلا کر سٹاف کو ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کریں۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ مردم شماری کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز آنے والے مسائل کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھیں۔ ڈی سی لاہور نے مسائل کو ساتھ ساتھ حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔