کوئٹہ،05 فروری(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کی جنگ لڑرہے ہیں، اس جدوجہد میں اب تک ہزاروں جوان،بچے، بزرگ اورعورتیں اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔
وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارمیں کسی سے پیچھے نہیں ہیں ۔ہماری دُعائیں اوراخلاقی حمایت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں کئی دہائیوں بعد کرکٹ کی واپسی ہورہی ہےاور ہم آج کا کر کٹ میچ اپنے بہادرکشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں اور جلد مقبوضہ کشمیر بھارتی ریاستی جبر سے آزاد ہوکر دنیا کے افق پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرے گا۔