اسلام آباد،23فروری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان اور جموں و کشمیر لبریشن کمیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام کنن پوش پورہ سانحہ پر عالمی برادری کی خاموشی پر اسلام آباد بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیرو پاکستان کے کنوینئر محمود احمد ساغر، پاکستان آزاد کشمیر کی مختلف جماعتوں کے قائدین اور کارکن، کشمیری خواتین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے خواتین کی بےحرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پراستعمال کرنے کی بھر پور مذمت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنمائوں نے کہا کہ 1991 میں بھارتی سرکار نے تحریک آزادی کو ہمیشہ کے لیے کچلنے کی کوشش کی۔تین سو فوجی دستوں نے رات کے اندھیرے میں عالمی فوجی قواعد، و اخلاقیات کی دھجیاں بکھیریں، بھارتی افواج کے اس دستہ کے خلاف کبھی کارروائی نہ ہوسکی۔
مظاہرین نے کہا کہ بھارتی افواج نے کشمیری خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کیا ۔ اس دستے کو آج تک سزا نہ ہوسکی، بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری جدوجہد آزادی کو نہ دبا سکا، ہم اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا موقع دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مظالم کی تاریخ رقم کررہا ہے کشمیری اپنے خون سے تحریک آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔