گورنر پنجاب سے مسلم لیگ(ق)کے سینئر رہنما چوہدری شافع حسین کی ملاقات

3

لاہور،2فروری(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں  پاکستان مسلم لیگ(ق)کے سینئر رہنما چوہدری شافع حسین نے ملاقات کی۔ملاقات میں تعلیم سمیت ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران پشاور پولیس لائنز مسجد میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت اور شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور آئین کی بالادستی سے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں آئی ٹی اور ٹیکنکل ایجوکیشن کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں میں فنی تعلیم کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط کرنے کے لیے کنسورشیم بنایا ہے اس سے یونیورسٹیوں میں کی گئی تحقیق سے انڈسٹریزکو فائدہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعات میں بہتری لانا اور اعلی تعلیم کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ(ق)کے سینئر رہنما چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ملک میں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔