لاہور،14فروری(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے بین الاقوامی فوڈ چین سے وابستہ سرمایہ کاروں کے وفد نے منگل کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لئے کاروبار کا فروغ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی فوڈ چین کا پاکستان میں فرنچائز کھولنا بہت خوش آئند بات ہے ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان پر بحال ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے پر امن اور سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ آنے والے دنوں میں ملک کے حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے۔
گورنر پنجاب نے وفد کو دعوت دی کہ پاکستان ہی میں تمام پراڈکٹس تیار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنا حب بنائیں اور یہاں سے دوسرے علاقائی ممالک میں چیزیں ایکسپورٹ کریں۔
وفد نے گورنر پنجاب کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ اس پر بہتر طریقے سے کام کریں کے۔وفد میں نکولس تانگ ، جوزف چینگ ،مارہو بیجورکیز شامل تھے۔