گوادر، 26 فروری(اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ اگر ہم نے اچھے انسان پیدا کرنے ہیں تو ہمیں دانش، ادب اور فنون لطیفہ کو فروغ دینا ہوگا، معاشرے میں مطالعے کی عادت پیدا کرنی ہوگی خاص کر بچوں میں ادب اور فنون لطیفہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہو گا اور ہمیں کتاب سے دوستی کرنی ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں آر سی ڈی کونسل گوادر کے زیر اہتمام گوادر کتاب میلہ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سرپرست اعلیٰ آر سی ڈی سی کونسل گوادر واجہ خدا بخش ہاشم،کمشنر مکران سید فصیل احمد آغا ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نزیر بلوچ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان کا کہناتھاکہ جس معاشرے میں ادب پروان چڑھ رہا ہو اس معاشرے میں انسان کی قدر و قیمت کی اہمیت ہوگی اور جس معاشرے میں ادب زوال پذیر ہو وہاں پر انسان کی کوئی اہمیت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر کتاب میلے میں شرکت اور یہاں پر علم و ادب کے متوالوں کا ذوق دیکھ کر انتہائی خوش گوار حیرت ہوئی ہے، فن اور ادب کو پذیرائی دینے کی ضرورت ہے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ حکومت گوادر کے مسائل کے حل لئے کوشاں ہے، گوادر بندرگاہ کی مزید فعالیت سے ترقی اور روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں گے، گوادر میں واٹر سپلائی کی نئی اسکیم متعارف کی گئی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم افتتاح کرینگے اور وزیراعظم گوادر میں آکر ماہی گیروں میں چیک تقسیم کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے اسپتال گوادر کو انڈس اسپتال کی انتظامیہ کے حوالے کرنے کے بعد وہاں پر صحت اور علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات میسر ہوگئی ہیں، صوبائی حکومت نے اسپتال کے لئے 60 کروڑ روپے کی گرانٹ مہیا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، غیر قانونی ٹرالرنگ کو بھر پور طریقے سے روکا جارہا ہ،ے اس کے خلاف بھر پور کارروائیاں کی گئی ہیں، ماہی گیروں کے روزگار کو تحفظ دیا جائے گا۔ انہوں نے گوادر کتاب میلے کی گرانٹ دس لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کرنے کا بھی اعلان کیا۔