جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے خطے کو تعمیرو ترقی کی صحیح سمت دے دی ہے؛ چیف سیکرٹری ثاقب ظفر

3

ملتان،16مارچ(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے خطے کو تعمیرو ترقی کی صحیح سمت دے دی ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے جبکہجنوبی پنجاب میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں 20 سے زائد میگا پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے36 ویں مڈکیرئیر منیجمنٹ کورس کے افسران سے خطاب  کرتے  ہوئے کیا۔انہوں  نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے  غربت کا خاتمہ ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے،یہاں کی 58 فیصد آبادی لیبر اور زراعت سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سماجی اور معاشی ترقی پر ہمارا فوکس ہے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہمارا ٹارگٹ ہے اور اس حوالے سے  شرح خواندگی میں اضافے اور غربت کے خاتمہ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

ثاقب ظفر نے کہا کہ  ترقیاتی اداروں کی کپیسٹی بلڈنگ کی جارہی ہے اور ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں امتیازی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب 99 ہزار579 اوردیگر پنجاب 1لاکھ5ہزار 766 مربع کلومیٹر رقبہ پر محیط ہے اور جنوبی پنجاب پاکستان کے لئے خوراک کی ٹوکری کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس خطے کا گندم، کپاس اور سورج مکھی کی پیداوار میں بڑا کردار ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور خصوصاً ملتان کے آم کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے جبکہ ساوتھ پنجاب میں لائیوسٹاک کاشعبہ بہت  اہمیت کا حامل ہے۔انہوں  نے اپنے خطاب میں افسران سے کہا کہ وہ گڈ گورنس اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے  سینئر انسٹرکٹرثمینہ انتظار کو یادگاری شیلڈ دی جبکہافسران کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو سونئیر پیش کیا گیا ۔سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب تنویراقبال تبسم، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کراچی کی سینئر انسٹرکٹرثمینہ انتظار اور ڈائریکٹنگ سٹاف وقار سلیم بیگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔