ریاستی رٹ کو چیلنج  کیا جانا افسوسناک ہے ،  میاں جاوید لطیف

6

اسلام آباد،16مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ گذشتہ آٹھ ماہ سے پاکستان میں ریاستی اداروں اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیاجارہاہے جو انتہائی افسوناک ہے،آج پوری قوم مطالبہ کررہی ہے کہ 2017کا  پاکستان اور نواز شریف واپس دو ،جنہوں نے 2017میں سازش کی ان کو پکڑا جائے ۔جمعرات کو یہاں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان حالات کو خراب کررہے ہیں، نوازشریف کے کیسزکو6،6سال ہوگئے، نہیں  سنا جارہا، 6گھنٹے میں عمران خان کی خواہش کے مطابق فیصلے آرہے ہیں،زمان پارک میں ایک تماشااور سرکس لگاہے،کونسی رکاوٹیں ہیں جو عمران پرہاتھ نہیں پہنچنے دے رہیں،عمران خان بین الاقوامی سازش کا حصہ بنا ہوا ہے ۔آج جو کچھ زمان پارک میں ہو رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ، زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا گیا  ۔زمان پارک میں بیٹھے شخص کو سہولتیں کون فراہم کر رہا ہے ؟ سازشی کو کڑی سزا نہیں دو گے تو یہ چیزیں کس طرح رکیں گی ،کون سی قوتیں ہیں جو آج بھی عمران خان کو سہولت دے رہی ہیں ؟ انہوں نےکہا کہ قومی مفاد میں یہی ہے کہ سب کچھ بتا دیا جائے  ۔ یاسمین راشد سے گفتگو  کے حوالے سے عوام کو بتایا جائے کہ صدر   کس سے بات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شوکت صدیقی کے سالوں پرانے کیسز سنے نہیں جا رہے ،  پاکستان کا محسن نواز شریف آج بھی جکڑا ہوا ہے ۔کیا ہم نے ریاستی اداروں پر حملے کئے تھے ریاستی اداروں کی رٹ کو چیلنج کیا جانا افسوسناک ہے۔