اسلام ترقی پسند مذہب ہے جو خواتین کو کسی بھی دوسرے مذہب کے مقابلے میں زیادہ حقوق دیتا ہے؛  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

11

نیویارک،11مارچ  (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام ترقی پسند مذہب ہے جو خواتین کو کسی بھی دوسرے مذہب کے مقابلے میں زیادہ حقوق دیتا ہے،  دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، اسلامو فوبیا کے رجحان کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

جمعہ کو نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم دنیا اور عالمی برادری کو خواتین کیلئے آواز اٹھانا چاہیے، ان کے حقوق کے حوالے سے چیلنجز سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے مسلم دنیا کا مؤقف یکساں ہے، عورتوں کو اسلام میں اہم مقام حاصل ہے اور دوسرے مذاہب کے مقابلے میں اسلام نے خواتین کو زیادہ حقوق دیے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے عوام اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن، خوشحال اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے حوالے سے آج ہونے والا سیشن خوش آئند ہے۔