اوکاڑہ؛کمشنر شعیب اقبال کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا

21

اوکاڑہ،10مارچ (اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی سمیت ہسپتال کے مختلف وارڈزمیں مریضوں سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات، علاج معالجہ سے متعلق دریافت کیا۔

اس سلسلے میں ایم ایس ڈاکٹر شبیر حسین چشتی نے آوٹ ڈوراور ان ڈور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، لیبارٹری، ایکسرے اور دیگر تشخیصی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نےکہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات انتہائی معیاری ہونی چاہییں، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا پروفشینل رویہ اور احساس ذمہ داری اداروں پر لوگوں کے اعتماد کو بڑھانے کا باعث بنے گا ۔  ہر سرکاری محکمے پر لوگوں کی خدمت کی ذمہ داری ہے لیکن صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمیں سرکاری ہسپتالوں پر لوگوں کے اعتماد کو بحال کرنے اوراپنی سروس ڈیلوری کے لئے مریضوں کی خدمت کے معیار کو ہر روز بہتر سے بہتر کرنا ہے، یہ ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی ہے۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے رویہ سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے لوگوں کو معیاری صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی ایمر جنسی وارڈ کو اپ گریڈ کرنے اور ایمرجنسی میں ادویات کی دستیابی ہمہ وقت بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ معاملات کو بہتر بنانے کے لئے اگر محنت کی جائے تو کم وسائل میں بھی بہترنتائج پیدا کئے جا سکتے ہیں۔