اوکاڑہ،21 مارچ(اےپی پی): چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے اوکاڑہ ، رینالہ میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت مفت آٹا فراہمی کے پوائنٹس پر سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پرکمشنر ساہیوال شعیب اقبال سعید ،آر پی او ساہیوال محبوب رشید ،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان نے انہیں اوکاڑہ میں قائم کئے گئے آٹا پوائنٹس پر آنےوالے لوگوں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات، بیٹھنے کے لئے کرسیوں ،پینے کے پانی ،سکیورٹی کے انتظامات ،لوگوں کی رہنمائی کے لئے کاوَنٹر، طبی امداد کے لئے قائم مرکز ،1122 کی جانب سے بنائے گئے طبی امداد کے کیمپ ،آٹے کا ریکارڈ رکھنے کے لئے کئے گئے انتظامات اور ہر پوائنٹ پر بنائے گئے سکینگ کاوَنٹرز سے متعلق بریفنگ دی ۔
چیف سیکر یٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت کروڑوں لوگوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کے سپیشل رمضان ریلیف پیکج پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اس سپیشل رمضان ریلیف پیکج سے صرف غریب لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں رمضان بازاروں میں آٹے پر سو روپے سبسڈی دی جاتی تھی جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ کی کوالٹی پر بھی ہمیشہ سوال اٹھائے جاتے تھے، رمضان بازار سے امیر غریب سب ہی فائدہ اٹھاتے تھے مگر موجودہ سپیشل رمضان ریلیف پیکج میں صرف غریب لوگوں کو مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔
چیف سیکر یٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے اس کو بہتر سے بہترین بنانے کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بہترین انتظامات ہر انتظامیہ کو سراہا۔