اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار منعقد

26

اوکاڑہ،23مارچ (اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سربراہ ڈاکٹر فاخرہ شاہد اور شعبہ سیاسیات کے سربراہ عثمان شمیم نے خطاب کیا۔

صدر تقریب پروفیسر ساجد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان ہمیں آج کل کے مشکل حالات میں اتحاد اور استقامت کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔  آج کا نوجوان مایوس نظر آتا ہے اور اس کی بنیادی وجہ رہنمائی اور قیادت کا فقدان ہے۔ انہوں نے طلباء کو تاکید کہ وہ ریاست مخالف دشمن قوتوں کی جانب سے کیے جانے والے منفی پروپیگنڈا کا شکار نہ ہوں اور پوری تند دہی کے ساتھ ملک کا مستقبل سنوارنے کےلیے محنت کریں۔

ڈاکٹر فاخرہ شاہد نے شرکاء سے کہا کہ پاکستان کو علاقائی امن اور خوشخالی کے قیام کےلیے ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنا ہوں گے۔

شعبہ سیاسیات کے سربراہ عثمان شمیم  نے موجودہ حالات میں ملک کو درپیش چیلنجز  سے نمٹنے اور معاشی، سماجی ترقی کی اہمیت پہ با ت کی۔

سیمینار میں متعدد طلباء نے یوم پاکستان کی اہمیت اور قیام پاکستان میں مسلم قیادت کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔سیمینار کے اختتام پر دعا کی گئی کہ پاکستان  سماجی ترقی، امن اور خوشخالی کی راہ پر گامزن رہے۔