اوکاڑہ،13مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ضلع میں خانہ شماری کے کام کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے پر تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ طے شدہ ایس او پیز کے مطابق خانہ شماری کا کام مکمل کرنا انتہائی اہم ذمہ داری ہے جس کے لئے کام کرنے والی ٹیموں کا ہر فرد لائق تحسین ہے، اسسٹنٹ کمشنر ز اورتحصیل کوارڈینیٹرز مردم شماری نے جس مربوط ربط و رابطہ سے خانہ شماری کا کام مکمل کیا ہے انشاء اللہ مردم شماری کا کام بھی اسی انداز میں مکمل کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری مردم شماری مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نےکہاکہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں نمبرداران ،پٹواری حضرات اور سیکر یٹری یونین کونسلوں کا تعاون مردم شماری کے لئے فیلڈ ٹیموں کو یہ اہم ذمہ داری احسن انداز میں مکمل کرنے میں انتہائی معاون ہے۔ ان لوگوں کی اس مہم میں شمولیت سے نا صرف بالکل صحیح اعداد و شمار حاصل ہونگے بلکہ مردم شماری کے تمام عمل پر لوگوں کا اعتمادبڑھے گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ضلعی کوآرڈینیٹر برائے خانہ شماری و مردم شماری شکیل احمد ثاقب کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ ٹیموں سے رابطہ میں رہیں اور انہیں درپیش مسائل کو فوری حل کریں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں خانہ شماری و مردم شماری کی جاری مہم سے متعلق بریفنگ دی ۔