رینالہ خورد،10مارچ(اے پی پی) :کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی قوموں کو بامِ عروج تک پہنچانے کا ذریعہ ہے، جدید تعلیم تمام شعبوں کی متوازن ترقی کے لئے نہ صرف ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے بلکہ طالبعلموں کو مقابلہ ومسابقہ کے ذریعے آگے بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے جبکہ عصر حاضر میں سماجی ترقی اور اقتصادی بہتری بھی تعلیم کے معیار سے جڑی ہوئی ہے جس کے لئے اساتذہ کو طالبعلموں کی اس طرح ذہنی نشوونما کرنی ہے کہ وہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے اثاثہ ثابت ہو سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالجز رینالہ خورد کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اور اداروں نے ہمیشہ سے طلبا ء و طالبات کی تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں غیر نصابی سر گرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے ہیں۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ادارہ کی پرنسپل نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شیعب اقبال سید کو ادارہ کی تعلیمی میدان میں حاصل کی گئی کامیابیوں ،غیر نصابی سر گرمیوں میں طالب علموں کی نمایاں کار کردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
شعیب اقبال سید نے طالبعلموں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے نپٹنے کے لئے اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز کریں دنیا میں بدلتی ہوئی سیاسی و معاشرتی اور معاشی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے جدید علوم پر دسترس وقت کا تقاضا ہے ، بہتر مستقبل کے لئے جدید علوم حاصل کرنا ہیں تاکہ مستقبل میں آنے والے چیلنجز سے خوش اسلوبی سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام طالب علموں کی تعلیمی میدان میں رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پربھر پور توجہ دیں اساتذہ کرام طالب علموں کے لئے رول ماڈل بنیں ۔
بعد ازاں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور اسسٹنٹ کمش چوہدری ضیاء اللہ نے موسم بہار کی شجر کار ی مہم کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالجز کے لان میں پودے لگائے او ر شجر کاری مہم کی کامیابی ملکی ترقی و سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔