جلالپورپیروالا، 20 مارچ (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر جلال پورپیروالہ میں ہفتہ صحت پروگرام کے حوالے سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں تین روزہ میڈیکل کیمپ قائم کردیا گیا ہے،میڈیکل کیمپ کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ، ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر حافظ ناصر نے کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر ہفتہ صحت کے سلسلے میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں میڈیکل کیمپ قائم کیا ہے اور مختلف بنیادی مرکز صحت پر کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپ کا مقصد لوگوں میں بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج معالجہ اور پنجاب کو بیماریوں سے پاک بنانا ہے۔
ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر حافظ ناصر نے کہاکہ ہفتہ صحت کیمپ میں ہیپاٹائٹس، ٹی بی، شوگر، ملیریا و دیگر ٹیسٹ کیے جائیں گے اور تشخیص پر فوری علاج معالجے کی سہولت بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر مبشر جلال و دیگر بھی موجود تھے ۔