ملتان، 13مارچ(اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے بڑے شہروں کی صفائی اور خوبصورتی کے لئے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت سپانسرشپ کے ذریعے شہروں کی گلیوں کو ماڈل سٹریٹ بنایا جائےگا۔ اس سلسلے میں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان شہر میں ماڈل سٹریٹس قائم کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں ملتان میں جیلانی روڈ کو ماڈل روڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔منصوبے کے لئے فنڈز ملتان نیچرل شیپ کیسنگ ایسوسی ایش فراہم کرے گی۔
اے سی ایس ساوتھ پنجاب آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر سے انکے آفس میں ملتان نیچرل شیپ کیسنگ ایسوسی ایشن کےصدر محمدرمضان بھٹہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں ممبران میاں ابرار احمد، جاوید قریشی، محمد کامران اور عامرجاوید شامل تھے۔منیجر آپریشنز ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انوارالحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ساوتھ پنجاب محمد فاروق ڈوگر اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیلانی روڈ کوصفائی اورخوبصورتی کے حوالے سے ماڈل روڈ بنایا جائے گا اور سڑک کےاطراف میں شجرکاری کی جائے گی، کمیونٹی کوموبلائز کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سڑک کی صفائی کے لئے خصوصی عملہ تعینات کرے گی، روڈ پر مختلف مقامات پر ڈسٹ بن نصب کی جائیں گی اور سڑک پر کوڑا، کچرا اور ملبہ پھینکنے والوں کا تدارک کیا جائے گا۔
ایڈیشنل سیکرٹرینے بتایا کہ سڑک کی تزئین و آرائش کا ڈیزائن پی ایچ اے تیار کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جیلانی روڈ کو ماڈل سڑک بنانے سے دوسرے شہریوں کو بھی تحریک ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب کی ہدایت پر دوسرے شہروں میں بھی گلیوں کو ماڈل سٹریٹ بنایا جائے گا اور منصوبے پر مرحلہ وار عمل کرکے شہروں کو خوبصورت بنایا جائے گا۔
محمد فاروق ڈوگر نے شہری سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنی گلی محلے کوصاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے حکومت کا ساتھ دیں۔