حکومت  رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے؛ سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مقصود انور

30

اٹک،24مارچ(اے پی پی):سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مقصود انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کے دورے کے موقع پر کیا۔دورے کے دوران انہوں نے فتح جنگ، اٹک،حضرو اورحسن ابدال میں قائم مفت آٹا سیل پوائنٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف تحصیلوں میں قائم مفت آٹا سیل پوائنٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔

متعلقہ افسران نے سیل پوائنٹس کے متعلق سیکرٹری لائیو سٹاک کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں قائم ہونے والے سیل پوائنٹس پر مستحق افراد کو مکمل سہولت کے ساتھ مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مقصودانور نے آٹا وصول کرنے والے مستحق افراد سے بات چیت کی اور ان کے تاثرات معلوم کیے۔مستحق افراد نے حکومت پنجاب کی جانب سے مفت آٹا تقسیم کرنے کی پالیسی کو سراہا اور اسے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔

سیکرٹری لائیو سٹاک نے ان افراد سے آٹا تقسیم کرنے کے مسائل کے متعلق معلومات بھی حاصل کیں اور متعلقہ افسران کو ان مسائل کوفوری طور پرحل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ حضرو میں بہترین انتظامات پر اے سی حضرو کامران اشرف کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انتظامیہ فری آٹا سیل پوائنٹس پر اسی طرح سہولیات و انتظامات فراہم کئے ہوئے ہے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک راٶ عاطف رضا ،اے ڈی سی جی اٹک عدنان انجم راجہ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک ڈاکٹر عبدالحمید، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔