حیدرآباد؛ ڈپٹی کمشنر نے ساتویں مردم و خانہ شماری کا افتتاح کر دیا

12

حيدرآباد، 01مارچ ( اے پی پی): پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ  ڈجیٹل اور مجموعی طور پر ساتویں مردم و خانہ شماری کا افتتاح ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے کردیا ہے۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کا کہنا تھا کہ آج سے پاکستان بھر میں ڈجیٹل مردم شماری و خانہ شماری  کا آغاز  کیا گیا ہے، وسائل کی تقسیم کیلئے مردم و خانہ شماری  کا ہونا انتہائی اہم ہوتا ہے اور ترقیاتی منصوبے بھی اس ہی  کی بنیاد پر شروع کیے جاتے ہیں۔

 ایک سوال پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈجیٹل مردم و خانہ شماری  کا فائدہ مینیوئل سے زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرد م شماری کیلئے ادارہ شماریات  کا 1500 سے زائد عملہ مصروف عمل ہے جو کہ ایک ماہ تک  خانہ شماری کرے گا اور بعد میں مردمشماری کا آغاز ہوگا ۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ادارہ شماریات کے عملے سے تعاون کریں تاکہ مردم شماری موثر طریقے سے ہوسکے۔

 قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے گھر پر مارک لگا کر ڈجیٹل مردمشماری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد قائم اکبر نمائی ، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد شائستہ جبین  فوکل پرسن مردمشماری  سید ظفر عباس رضوی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراھ تھے۔