دعوے سے کہتا ہوں پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہوگا ، پی ایم ڈی سی کو بحال کرنے کا وعدہ پورا کردیا  ہے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس سے خطاب

6

اسلام آباد۔3مارچ  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گالیوں اورمنفی پرپیگنڈے سے پیدا ہونے والی  ملک میں ڈیپریشن کی صورتحال کو بہتر بنانے میں تعلیم یافتہ طبقہ اپنا کردار ادا کر سکتا ہے ، دعوے سے کہتا ہوں پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہوگا ، پی ایم ڈی سی کو بحال کرنے کا وعدہ پورا کردیا  ہے، نامزدگیاں جمہوریت کی روح کے منافی ہوتی ہیں ، عوام کی خدمت وہی لوگ کر سکتے ہیں جن کا انتخاب عوام کرتی ہے ۔ جمعہ کو  پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) اسلام آباد کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ طب وہ عظیم شعبہ ہے جو انسانیت کی ہمہ وقت خدمت کے لئے اپنا ہرممکن کردار ادا کرتا ہے اورڈاکٹرز انسانی زندگیاں بچاتے ہیں ، پی ایم اے ڈاکٹروں کی ایک مؤثر تنظیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی طرف سے  ہمارے لئے خصوصی عطا ہے ، اس کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں ہے ، امیر ہو یا غریب ہم نے اسی ملک میں رہنا ہے ، پاکستان ہمارے سروں پر ایک چھتری کی طرح ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آپس میں جتنے بھی اختلافات کیوں نہ ہوں ہمیں اس ملک سے محبت کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستانی بڑے محنتی لوگ ہیں مگر یہاں سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشنز نہ صرف اپنے ارکان کا خیال رکھتی ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں ، پی ایم ڈی سی کو بحال کرنے کا بلاول بھٹو زرداری نے جو وعدہ کیا تھا وہ ہم نے پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامزدگیاں جمہوریت کی روح کے منافی ہوتی ہیں، حقیقت میں وہی لوگ عوام کی خدمت کر سکتے ہیں جنہیں عوام منتخب کرتی ہے۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ لوگوں کا صحت مند رہنا اور ان کا ہر قسم کے ذہنی دبائو سے آزاد رہنا بہت ضروری ہے، اس کے لیے ہم ان کے ساتھ مل کر کردار ادا کریں گے ، ہمیں ہر قسم کے پروپیگنڈے سے دور رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا، میں دعوے سے کہتا ہوں کہ پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہوگا، ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑنا ہے، گالیوں سے گریز کرنا ہے، ایک دوسرے کا عزت و احترام کے ساتھ ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھنا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہیے ، ملک میں ڈپریشن کی صورتحال کو دور کرنے کی ضرورت ہے، یہ اسی صورت میں ممکن ہو گا جب ہم ملک کی اچھی اچھی باتیں عوام تک پہنچائیں گے ۔