پشاور، یکم مارچ(اے پی پی): ادارہ شماریات پاکستان کے حکام اور مردم شماری عملہ نے چیف سیکرٹری پشاور کی رہائش گاہ سے خانہ شماری شروع کردی۔ عملے نے چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال کے کوائف ٹیبلیٹ کے ذریعے درج کیں۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے مردم شماری عملے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کیلئے خانہ و مردم شماری بہترین عمل ہے، لہذا عوام مردم شماری کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری یکم مارچ سے یکم اپریل تک دو مراحل میں جاری رہے گی۔ اس پہلے مرحلے میں خانہ شماری اور عمارتوں کو نمبرز لگائے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔ادارہ شماریات کیمطابق مردم شماری میں ٹیمیں گھر گھر جاکر خاندان و افراد کا اندراج کریں گی۔