سبی، 06 مارچ (اے پی پی):سالانہ سبی میلہ مویشیاں واسپاں 2023 اپنی تمام تر رعنائیوں کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے،اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبی میلہ بلوچستان کی پہچان ہے اور یہ تاریخی میلہ ہمیں وراثت میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلے امن و بھائی چارہ کو فروغ دینے کے لیے منائے جاتے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ صوبہ بلوچستان کی عوام نے سبی میلے کی صورت میں اپنے ہزاروں سالوں کی تاریخ ورثہ کو زندہ رکھا ہوا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے قبائل کی بہادری ، مہمان نوازی چادر و چار دیواری کے تقدس اور خواتین کو اعلیٰ مقام دینے جیسی روایات پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نہ صرف صوبے کی روایت کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے بلکہ صوبے کی علاقائی زبانوں کی ترقی کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جانے کے لیے کوشاں ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سبی میلہ علاقے کے لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی زبان ثقافت و روایات کی حفاظت نہیں کرتے وہ قومیں جلد مٹ جاتی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اپنے آباء و اجداد کی روایت کو زندہ رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی میں بلوچستان کسی بھی طرح جنگ و جدل کا متحمل نہیں ہو سکتا، قبائلی تنازعات کی وجہ کچھ بھی ہو اس کا حل گفت و شنید سے نکالا جا سکتا ہے ،اس حوالے سے قبائلی عمائدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
قبل ازیں چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور علاقے کو درپیش مسائل کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا۔ کمشنر سبی ڈویژن شاہد سلیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر سبی منصور احمد قاضی نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور سیکرٹری بلدیات دوستین خان جمالدینی کو روایتی پگڑی پہنائی۔
اس موقع پر بینڈ مظاہرہ، نیزابازی، ملی نغمے، ڈے فائر ورکس گھوڑا ڈانس علاقائی رقص اور رم جھم شو کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جسے مہمانوں نے انتہائی جوش وخروش سے دیکھا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے اختتاحی تقریب میں مختلف خاکے پیش کرنے والے طلباء و طالبات اور بینڈ دستوں کے لئے بھی انعامات کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری بلدیات دوستین خان جمالدینی ، ڈی آئی جی پی سبی رینج منیر احمد شیخ ، قبائلی و سیاسی رہنما سردارزادہ دینار خان ڈومکی ، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک ، ڈائریکٹر جنرل امور حیوانات غلام رسول ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وحید شریف عمرانی ، سول و فوجی اعلی حکام اور قبائلی عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔