سیالکوٹ،01مارچ (اے پی پی):ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی ساتویں قومی مردم و خانہ شماری کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے مردم شماری کا افتتاح کیا جبکہ شمار کنندگان نے ڈپٹی کمشنر ہاؤس سے خانہ شماری شروع کی، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال ، اے سی سیالکوٹ غلام سرور بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے خانہ و مردم شماری کے لیے تعینات ٹیموں کے ارکان سے بھی ملاقات کی ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خانہ و مردم شماری اہم قومی فریضہ ہے اور ملک کی ترقی کے لیے آئندہ منصوبہ بندی کا انحصار اسی مردم شماری کے اعداد و شمار پر منحصر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خانہ و مردم شماری کے لیے 3423 ٹیمیں فیلڈ میں روانہ کر دی گئی ہیں، پہلے تین دن یہ ٹیمیں خانہ شماری کریں گی، رہائشی ، کمرشل اور کاروباری عمارتوں، انکے سربراہان، مالکان کا تعین کیا جائے گا جبکہ اگلے 11 دن مردم شماری ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ خانہ و مردم شماری کے تمام عمل کی نگرانی کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کا الگ کنٹرول روم ہوگا، شمار کنندگان کے لیے تین درجاتی سکیورٹی ترتیب دی گئی ہے ، پہلے درجہ میں سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہوگی، ہنگامی صورتحال میں رینجرز بطور کوئیک رسپانس فورس خدمات انجام دیں گے جبکہ ناگزیر حالات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج بھی تیار رہے گی۔