شجاع آباد: فیصل کریم کنڈی نے ڈائنامک رجسٹری سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

24

شجاع آباد، 08 مارچ ( اےپی پی): وزیر مملکت برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی  نے شجاع آباد میں ڈائنامک رجسٹری سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

 وزیر مملکت برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے شجاع آباد میں ڈائنامک رجسٹری سنٹر کا افتتاح کر دیا. اس موقع پر. میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 89 لاکھ سے زائد خواتین بے نظیر کفالت پروگرام سے استفادہ کر رہی ہیں. لوگوں کے معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بی آئی ایس پی کی سہ ماہی قسط میں 25 فیصد کا اضافہ کر دیا گیا ہے. اضافے کے بعد ہر تین ماہ بعد 8750 روپے کی قسط مستحق خاندانوں کو دی جائے گی. خواتین اپنی پوری رقم وصول کریں اور رسید بھی حاصل کریں. ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر ساری دنیا کا اعتماد ہے اسی وجہ سے مشکل معاشی حالات کے باوجود اس کے بجٹ میں 40 ارب کا اضافہ کیا گیا ہے. ڈائنامک رجسٹری سنٹر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلع ملتان میں چار ڈائنامک رجسٹری سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر 13 کاؤنٹرز کام کر رہے ہیں. جن پر خواتین اپنا نیا سروے کروا سکتی ہیں اور اپنی معاشی تبدیلی کا اندراج بھی کروا سکتی ہیں. جبکہ اس وقت ضلع ملتان  میں 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف دیے جا رہے ہیں۔ سیاسی مخالفین نے بی آئی ایس پی پروگرام پر تنقید کی۔ تاہم، اقوام متحدہ اور دیگر معروف بین الاقوامی اداروں نے اس کی تعریف کی ہے۔

 وزیر مملکت نے مستحقین سے بھی بات کی جنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ درخواست موصول ہونے پر، ان کا کہنا تھا کہ جلد شجاع آباد سنٹر پر کاؤنٹرز کی تعداد 2 سے بڑھا کر 4 کر دی جائے گی. اس موقع پر انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کی ہدایت کی۔