ملتان ؛کمشنر  کی زیر صدارت  میٹروپولیٹن کارپوریشن کا جائزہ اجلاس 

14

ملتان،01مارچ  (اے پی پی):کمشنرانجینئر عامر خٹک نے میٹروپولٹن کارپوریشن کو معاملات درست کرنے کی وارننگ دیتےہوئے کہا کہ بھتہ لینے کی شکایات، کرپشن پرمعطلی کے بجائے اس بار اینٹی کرپشن ریفرنس بھجوایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر انجینئر عامر خٹک نے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری منظوری کے بغیر کسی کو تعمیر کی اجازت نہیں ہوگی،غیر قانونی تعمیرات کو نوٹس دے کر سربمہر کیا جائے۔تجاوزات کا خاتمہ نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔

انہوں نے شہر کی سٹریٹ لائٹس فعال کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کہا کہ سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے سٹریٹ لائٹس فعال کی جائیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو پروفیشنل فیس ریکوری اہداف بھی بہتر بنائے جائیں۔

کمشنر عامر خٹک نے قبرستانوں سے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں کے نام علاقے ریونیو ریکارڈ، موجودہ رقبہ کی لسٹ فراہم کی جائے جبکہ غیرقانونی مذبحہ خانوں، پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں ڈی سی ملتان عمر جہانگیر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر ،سی او کارپوریشن چوہدری فرمائش ، متعلقہ حکام موجود تھے۔