ملتان: 17واں گورنرز کپ انٹر بینکس کرکٹ ٹورنامنٹ بینک الحبیب نے جیت لیا

8

ملتان 13 مارچ ( اےپی پی):سٹیٹ بینک اور ملتان بینکرز کلب کے زیراہتمام 17واں  گورنرز کپ انٹر بینکس کرکٹ ٹورنامنٹ  بینک الحبیب نے جیت لیا۔ سٹیٹ بینک رنر اپ رہا۔اختتامی تقریب میں نامور صنعتکار و سابق نگران وزیر صنعت پنجاب خواجہ جلال الدین رومی اور چیف منیجر سٹیٹ بینک جاوید اقبال مارتھ  نے انعامات تقسیم کیے۔قبل ازیں  سپورٹس کمپلیکس کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں بینک الحبیب نے سٹیٹ بینک کے خلاف  آخری اوور کی سیکنڈ لاسٹ بال پر وننگ سٹروک کھیل کر تین وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی ۔ فاتح ٹیم کے جارح مزاج بیٹر اظہر علی کو تیزرفتار 69رنز بنانے پر میں آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر معیز بھٹی کو بہترین باؤلر فرحان علی اور بہترین آل راؤنڈر موہیرہ سعید کو قرار دیا گیا۔ فائنل میچ اور ایوارڈز تقریب میں کمرشل بینکس کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی دریں اثناء مہمان خصوصی و نامور صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے اپنے خطاب میں بینکرز کے درمیان گورنرز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو صحتمندانہ سرگرمی قرار دیا اور قومی کھیل ہاکی کی پروموشن کیلئے بینکرز کے درمیان ہاکی ٹورنامنٹ کروانے اور بھرپور سپانسر شپ کی آفر کی انہوں نے رمضان المبارک کے دوران سٹیٹ بینک کے زیراہتمام شیڈول کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بھی  اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منیجر سٹیٹ بینک جاوید اقبال مارتھ نے  گورنرز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بارے بریفنگ پیش کی اور کمرشل بینکوں کی بھرپور شرکت سے ایونٹ کو یادگار ایونٹ قرار دیا۔دریں اثناء مہمان خصوصی خواجہ جلال الدین رومی کو سٹیٹ بینک کی طرف سے یادگاری سووینئر پیش کیا گیا۔