میرپورخاص،24 مارچ (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر میرپورخاص سید اعجاز علی شاہ نے سندھ حکومت کے تعاون اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلدیہ چوک پر لگائے گئے رمضان بچت بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کے عام اشیاء ضروریہ کو مکمل طور پر بچت بازار میں رکھا جائے تاکہ عام لوگ فائدہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ لوگوں کو ریلیف دینا ضلع انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنروں کو بچت بازار کا معائنہ کرنے کا پابند کریں، روزانہ استعمال میں آنے والی اشیاء کی کمی کو پورا کیاجائے۔
اس موقع پر کمشنر کو بتایا گیا کہ بچت بازار میں روز مرہ استعمال میں آنےوالی اشیاء ضروریہ سمیت آٹا، چینی، دالیں، گھی ،چاول و دیگر سامان رکھا گیا ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اس وقت مجسٹریٹ اختیارات حاصل ہیں، لوگوں کے ساتھ ناجائزی کی صورت میں اپنے اختیارات استعمال کر کے لوگوں کو رلیف دلایا جائے ۔
اس موقع پر کمشنر نے پھل اور سبزی والوں سے بھی نرخ معلوم کیئے اور انہیں بھی ہدایت کی کہ رمضان کے بابرکت ماہ میں لوگوں کو مقررہ نرخ پر پھل اور سبزی فروخت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کے تمام دوکانوں ٹھیلوں اور اسٹالوں پر انتظامیہ کی جانب سے جاری کیا گیا نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنران میں اسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانھیوں، اسسٹنٹ کمشنر سندھڑی محمد یونس رند، انجمن تاجران کے صدر انیس الرحمن شیخ، جنرل سیکریٹری امین میمن و دیگر بھی موجود تھے۔











