ملتان۔ 01 مارچ (اے پی پی):نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں فرسٹ ایئر ایم بی بی ایس سیشن 23-2022 کے طلباء وطالبات کے لیے وائیٹ کوٹ تقریب کا انعقاد گزشتہ روزکیا گیا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین ،پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین، پروفیسر ڈاکٹر ایم عباس نقوی، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان، پروفیسر ڈاکٹر نوید احمد چوہدری سمیت دیگر سینئر فیکلٹی ممبران، طلباء وطالبات اور ان کے والدین شامل تھے۔نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے نئے آنے والے طلباء وطالبات کو سفید کوٹ دے کر ان کا خیرمقدم کیا۔ دوسری جانب طلباء وطالبات نے بھی اس مقدس پیشے سے وابستگی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا حلف اٹھایا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے خطاب میں نئے آنے والے طلباء وطالبات کو اس عظیم سفر کے آغاز پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نئے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں علمی اور تحقیقی کاموں میں صرف کریں جس کا مقصد دکھی انسانیت کی مدد کرنا مقصود ہو ۔